ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / امریکا جرمنی میں تعینات اپنی کچھ فوج پولینڈ منتقل کرے گا

امریکا جرمنی میں تعینات اپنی کچھ فوج پولینڈ منتقل کرے گا

Thu, 25 Jun 2020 19:45:19    S.O. News Service

برلن،25/جون (آئی این ایس انڈیا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں اپنے پولش ہم منصب انجے ڈوڈا کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں اپنے اس منصوبے کا ذکر کیا۔ ٹرمپ جرمنی کے دفاعی بجٹ اور روس سے توانائی کے حصول پر ناخوش ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اس منصوبے کا ایک بار پھر ذکر کیا ہے کہ وہ جرمنی میں تعینات امریکی فوج کا کچھ حصہ پولینڈ بھیج دیں گے۔ انہوں نے جرمنی کی طرف سے ان کے بقول ناکافی دفاعی اخراجات اور روس سے توانائی کے حصول کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

پولستانی صدر انجے ڈوڈا کے ساتھ وائٹ ہاؤس میں منعقد کی گئی ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اضافی فوج بھیجنے کے اخراجات ادا کریں گے اور ہم انہیں جرمنی سے پولینڈ منتقل کریں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ جرمنی میں موجود اپنی مسلح افواج کی تعداد 'کافی حد تک‘ کم کر دے گا اور یہ کہ کچھ فوجی واپس امریکا چلے جائیں گے جبکہ بقیہ کو دیگر مقامات پر منتقل کر دیا جائے گا، جیسے پولینڈ۔امریکی صدر سے جب پوچھا گیا کہ ان کے اس فیصلے کو روس کس طرح دیکھے گا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ روس کو ایک سخت پیغام ہو گا، مگر میرے خیال سے اس سے بھی زیادہ سخت پیغام جو روس کو جائے گا وہ یہ حقیقت ہے کہ جرمنی پائپ لائن کے ذریعے روس سے توانائی کے حصول کے لیے اسے کئی بلین ڈالر ادا کر رہا ہے۔

امریکی صدر قبل ازیں ’رڈ اسٹریم ٹو‘ نامی پائپ لائن پر اپنی خفگی کا اظہار کر چکے ہیں اور کہہ چکے ہیں کہ وہ جرمنی میں تعینات اپنے 9,500 فوجی نکالنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

اس موقع پر پولستانی صدر انجے ڈوڈا نے امریکی صدر سے کہا کہ وہ اپنے فوجیوں کو یورپ سے نہ نکالیں کیونکہ ایسی صورت میں اس براعظم کی سلامتی غیر مستحکم ہو سکتی ہے۔میں صدرٹرمپ سے کہتا ہوں کہ وہ یورپ سے اپنی فوج نہ نکالیں کیونکہ یورپ کی سلامتی میرے لیے اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسری عالمی جنگ کے بعد سے یورپ میں امریکی فوجی موجودگی وہاں امن و استحکام کا سبب بنی ہے اور یہ کہ پولینڈ مزید امریکی فوجیوں کی اپنے ہاں تعیناتی کے لیے تیار ہے۔


Share: